Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

اگر گاڑی کی بیٹری کمزور ہے اور اسٹارٹ نہیں ہورہی تو کیا کریں؟

شائع 18 اپريل 2020 07:53am

 جو لوگ گاڑی چلاتے ہیں وہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ گاڑی کی بیٹری کمزور ہونے سے بہت ہی مشکل صورتحال سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔ بیٹری کمزور ہونے یا بالکل ہی ختم ہونے کی کئی وجوہات ہوسکتی ہیں ۔ جن میں سے ایک اس کی میعاد ختم ہوجانا بھی ہے۔

اس سے فرق نہیں پڑتا کہ یہ گیلی بیٹری ہے یا خشک سیل والی، ہر بیٹری کی ایک مدت ہوتی ہے۔ آپ بیٹری کی میعاد صرف ایک صورت میں بڑھا سکتے ہیں اور وہ ہے اس کی بروقت دیکھ بھال۔

لیکن اس صورت میں بھی بیٹری کے کمزور ہوجانے کے امکانات موجود رہتے ہیں۔ اگر آپ کے پاس کوئی دس بیس سال پرانی گاڑی ہے تو یہ جاننا آپ کیلئے ضروری ہے کہ پرانی گاڑیوں میں انجن اسٹارٹ کرتے وقت بیٹری پر اور بھی دباؤ ہوتا ہے۔

اگر گاڑی کی بیٹری کمزور ہے تو یہ اس کی میعاد ختم ہونے کا اشارہ ہے اور ممکن ہے کہ بیٹری جلد ہی ختم ہوجائے۔ اس کے علاوہ خراب تاروں کے درمیان سے بجلی باہر نکلنا بھی بیٹری کمزور ہونے کی وجہ بن سکتی ہے۔ چاہے آپ کے پاس نئی بیٹری ہی کیوں نہ ہو، اگر آپ رات بھر اسے کوئی چیز چلا کر چھوڑ دیں تو صبح آپ کی گاڑی اسٹارٹ نہیں ہوگی۔

اگر آپ نے زیادہ طاقتور ایمپلی فائر لگایا ہوا ہے اور اس کے تاروں کی ترتیب درست نہیں تو بھی آپ کو بیٹری سے ہاتھ دھونا پڑ سکتے ہیں ۔ اس کے علاوہ اگر بیٹری گیلی ہو اور تیزاب خشک ہوجائے تو بھی بیٹری سے ہاتھ دھونا پڑسکتاہے۔ یہ وہ چندوجوہات ہیں جن سے بیٹری کی معیاد جلد ختم ہوجاتی ہے۔ اس لئے ضروری ہے کہ آپ گاڑی کے دیگر حصوں کی طرح بیٹری کو بھی چیک کرتے رہا کریں۔ اگر پھر بھی آپ کی گاڑی کی بیٹری جواب دے تو ذیل میں موجود تجاویز پر عمل کریں۔

اوّل تو یہ معلوم کریں  کہ گاڑی کی بیٹری پرانی ہے یا نئی؟ ہوسکتا ہے یہ اتنی پرانی ہو کہ اب نئی لینے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہ ہو۔ مثال کے طور پر آپ کی بیٹری 3 سال پرانی ہے اور آپ کو پچھلے چند ماہ سے گاڑی اسٹارٹ کرتے ہوئے مشکل پیش آ رہی ہے تو سمجھ جائیے کہ اب بیٹری کی ہمت جواب دے گئی۔ پرانی بیٹری نکالئے اور کسی اچھی سی دکان پر اسے دے کر نئی بیٹری خرید لایئے۔

اگر نئی بیٹری خریدنا فوراً ممکن نہ ہو تو کوئی بات نہیں ، ہم آپ کو گاڑی کی بیٹری کو دوبارہ زندہ کرنے کیلئے چند مشورے دے رہے ہیں ۔ یاد رہے کہ یہ مشورے ان بیٹریوں کیلئے کارآمد ہیں جن کی میعاد ختم نہیں ہوئی اور وہ کسی وجہ سے (مثلاً تاروں کی غلط ترتیب یا تیزاب کم ہونے کی وجہ سے) کام نہ کر رہی ہوں ۔

ایک طریقہ دوسری گاڑی سے کرنٹ لینے کا ہے خاص طور پر اگر آپ کی گاڑی آٹومیٹک ہے۔ اپنے آس پاس موجود کسی دوسری گاڑی کے مالک یا پھر کسی ٹیکسی والے کی مدد سے آپ یہ کام کرسکتے ہیں۔ لیکن اس کیلئے مخصوص تاروں کا ہونا بہت ضروری ہے۔ بعض افراد یہ کام عام گھریلو بجلی کے تاروں سے کرتے ہیں جو بہت زیادہ خطرناک ہے۔ اس لیے بہتر ہے کہ اپنی گاڑی میں اچھے معیار کے تاروں کا جوڑا ہر وقت رکھیں تاکہ بوقت ضرورت ان سے کام لیا جاسکے۔ ان تاروں کے دونوں طرف چٹکیاں موجود ہوتی ہیں جن کا رنگ سرخ اور نیلا ہوتا ہے۔ ان دونوں چٹکیوں کو احتیاط کے ساتھ بیٹری سے منسلک کریں۔ کوشش کریں کہ جس گاڑی سے کرنٹ لیا جارہا ہے وہ اسٹارٹ رہے۔

اگر آپ کو بیٹری کے ساتھ وقتاً فوقتاً اسی صورتحال کا سامنا رہتا ہے تو آپ کو ریسکیو بیٹری پیک خرید لینا چاہیے۔ اسے آپ بوقت ضرورت استعمال کرسکتے ہیں اور اسے جب چاہیں دوبارہ چارج کرلیں۔

اس کے علاوہ ایک اور طریقہ جو ہمارے یہاں کافی مقبول ہے وہ "دھکا اسٹارٹ" ہے۔ یہ طریقہ آٹومیٹک گاڑیوں میں کارگر نہیں لیکن دیگر گاڑیوں کیلئے بہت مفید ہے۔ آپ اپنی گاڑی کو آگے یا پیچھے کی طرف دھکیل سکتے ہیں لیکن اس کیلئے گیئر کا خاص خیال رکھنا چاہیے۔ آگے کی طرف دھکیلتے ہوئی گاڑی کو دوسرے گیئر میں رکھیں، اگنیشن کو آن رکھیں اور کلچ دبا کر رکھیں اور پھر کسی کی مدد سے گاڑی کو پیچھے سے دھکا دیں یا اگر آپ کسی ڈھلان والی جگہ پر ہیں تو گاڑی خود بخود اس طرف جا سکتی ہے۔ جب گاڑی رواں ہوجائے تو کلچ چھوڑ دیں، گاڑی ایک جھٹکا لے کر اسٹارٹ ہوجائے گی۔ البتہ اس تمام عمل کا انحصار آپ کی گاڑی کی حالت زار پر ہے۔ اگر گاڑی اس طریقہ کار سے اسٹارٹ نہیں ہو رہی تو اس کا مطلب ہے کہ گاڑی میں بیٹری کے علاوہ بھی کوئی چیز مسئلہ کر رہی ہے لہٰذا آپ کو فوری طور پرکسی اچھے مکینک سے رجوع کرنا چاہیے۔

اگر آپ کے پاس کوئی بڑی گاڑی ہے تو اسے دھکا لگا کر اسٹارٹ کرنا شاید ممکن نہ ہو۔ تو اس کے لیے آپ کو پھر کسی دوسری گاڑی کی مدد درکار ہوگی۔ اپنی گاڑی کو اگلی گاڑی سے باندھنے کیلئے آپ کو رسی یا لوہے کی چین چاہیے جسے گاڑی کے اگلی جانب دائیں اور بائیں دونوں طرف باندھ سکیں تو اچھی بات ہے ورنہ درمیان سے باندھ لیں ۔ اگلی گاڑی کے چلنے سے پہلے یقین کرلیں کہ رسی اچھی طرح سے باندھی جا چکی یا نہیں ۔ اس کے علاوہ گاڑی کے درمیان کچھ گز کا فاصلہ رکھیں تاکہ آپ کی گاڑی اسٹارٹ ہونے کی صورت میں اگلی گاڑی سے نہ ٹکرا جائے۔ گاڑی کو دوسرے گیئر میں رکھیں ، کلچ دبا کر اور اگنیشن آن کرنا بھی یاد رکھیں اور جب دونوں گاڑیاں یکساں رفتار سے چلنے لگیں تو کلچ چھوڑ کر گاڑی اسٹارٹ کریں ۔ جیسے ہی گاڑی اسٹارٹ ہو فوراً کلچ دبا دیں تا کہ اگلی گاڑی کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔

سب سے اہم بات جب بھی لمبے سفر پر روانہ ہوں تو دیگر ضروری چیزوں کے ساتھ بیٹری سے منسلک ہونے والی تاروں کی جوڑی اور رسی بھی رکھ لیں ۔ یا پھر یہ طریقہ استعمال کرلیں لیکن نتائج کے ہم بالکل ذمہ دار نہیں ہوں گے۔